اسلام آباد : این سی او سی کی جانب سے پابندی اٹھائے جانے کے بعد ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ اتوار سے بحال کر دی گئی،ملک بھر میں تمام مارکیٹیں ، دکانیں اوردفاترکل سے کھل جائیں گے۔
این سی او سی کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ میں گنجائش سے 50 فیصد کم مسافروں کوبٹھایاجاسکے گا ،ٹرینیں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلائی جائیں گی۔
حکومتی اعلان کے مطابق پشاور میں بی آر ٹی سروس بھی صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک دوبارہ شروع کردی گئی ہے ،تمام دفاتر بھی50 فیصدحاضری کے ساتھ پیر سے کھول دیے جائیں گے۔
بازار رات 8 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی، ریسٹورنٹس میں صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔دوسری جانب ملک بھر میں تعلیمی ادارے 23 مئی تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ ایس او پیز کا جائزہ لینے کیلئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) کا اجلاس 19 مئی کو ہوگا۔
گزشتہ روز وفاقی منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر اور قومی کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کی زیر صدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا تھا جس میں عید کی چھٹیوں کے دوران معیاری طریقہ کارپر عملدرآمد کا جائزہ اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا تھا۔
اجلاس میں تمام بین الصوبائی، انٹر سٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ 17 مئی کے بجائے 16 مئی سے بحال کر نے کی اجازت دی گئی تھی جواتوار کو بحال کر دی گئی ۔
اجلاس میں دفاتر میں معمول کے اوقات پیر17 مئی سے بحال ہوجائیں گے تاہم 50 فیصد عملے کے گھروں سے کام کرنے کی شرط برقرار رہے گی۔
کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے این سی او سی کا اجلاس دوبارہ 19 مئی کو ہوگا۔این سی او سی نے ایس او پیز پر عملدرآمد کی مسلسل مانیٹرنگ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عوام سے ان ایس او پیز پر عملدرآمد جاری رکھنے کی اپیل کی۔