کراچی:پاکستان میں عید الفطر کی طویل تعطیلات کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروبار کے پہلے دن زبردست تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 600پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 68ارب روپے سے زائد کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔
کاروباری تیزی کے سبب68.64فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی ٹیلی کام،توانائی،فوڈز،آئل اینڈ گیس سمیت دیگر منافع بخش شعبوں میں سرمایہ کاری کی بدولت پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروبار کا آغاز مثبت ہو۔
ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 45800پوائنٹس کی سطح بھی عبور کر گیا تھا تاہم کاروبار کے اختتا م پر انڈیکس 45700پوائنٹس کی سطح پر مثبت زو ن میں بند ہوا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کے ایس ای100انڈیکس میں 621.64پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
جس سے انڈیکس 45174.67پوائنٹس سے بڑھ کر 45796.31پوائنٹس پر بند ہوااسی طرح 261.96پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 18469.87پوائنٹس سے بڑھ کر 18731.83پوائنٹس پر بند ہوا۔
کے ایس ای آل شیئرا نڈیکس 30475.48پوائنٹس سے بڑھ کر 30741.96پوائنٹس پر جا پہنچا۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 68ارب7کروڑ40لاکھ72ہزار153روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 78کھرب8ارب 78کروڑ43لاکھ 22ہزار714روپے سے بڑھ کر 78کھرب76ارب 85کروڑ83لاکھ 94ہزار867روپے ہو گیا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو 20ارب روپے مالیت کے 43کروڑ74لاکھ 49ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ تعطیلات سے قبل آخری روز 9ارب روپے مالیت کے 24کروڑ56لاکھ 42ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو مجموعی طور پر 405کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے278کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،105میں کمی اور 22کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
کاروبار کے لحاظ سے ورلڈ کال ٹیلی کام 7کروڑ29لاکھ،کے الیکٹرک لمیٹڈ 3کروڑ83لاکھ،غنی گلوبل3کروڑ59لاکھ،ٹیلی کارڈ لمیٹڈ 2کروڑ16لاکھ اور یونٹی فوڈز لمیٹڈ 2کروڑ15لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔