کراچی:کاٹی اور یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ میڈیا ملک کا چوتھا اوراہم ترین ستون ہے اوربزنس کمیونٹی کی آواز موثر انداز میں سرکاری ایوانوں تک پہنچا رہا ہے۔
کاروباری برادری کے بیشتر مسائل حل کرانے میں میڈیا کا اہم ترین کردار ہے،وفاقی بجٹ کے خلاف وہ لوگ شور مچارہے ہیں جو قومی خزانے میں ٹیکس ادا نہیں کرتے۔
ہم سمجھتے ہیں کہ وزیرخزانہ شوکت ترین نے ایک بیلنس بجٹ دیا ہے تاہم ایف بی آر تاجربرادری پر سخت رویہ نہ اپنائے بلکہ نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں آنے کی مہم چلائی جائے۔
سندھ حکومت کو چاہیئے کہ وہ صنعتی زون سمیت شہر بھر میں میں سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اورانفرااسٹرکچر کی بدتر صورتحال پر سنجیدگی سے توجہ دے،واٹر بورڈ کرپشن زدہ ہوچکا ہے،اہم ترین سرکاری اداروں کی سربراہی نجی شعبے کے سپرد کی جائے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈاینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں کونسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلسٹ(CEEJ)کے ممبران وعہدیداران کے اعزاز میں دیئے گئے برنچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مضبوط ہورہی ہے اوردوماہ میں پاکستان معاشی اعتبار سے ٹیک آف کرے گا،ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سب کو اجتماعی طور پر اکنامی کی مضبوطی کیلئے وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دینا چاہیئے۔
ہم پاکستان آرمی کی جدوجہد کو سلام کرتے ہیں جنہوں نے ہماری جانوں کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں قربان کیں،ہم پاکستان آرمی کے بہادر جوانوں کی وجہ سے ہی سکون کا سانس لے رہے ہیں۔
صدر کاٹی سلیم الزماں نے کہا کہ کسی بھی ملک کا میڈیا اس ملک کے معاشرے کی اصلاح کرتا ہے، میڈیا کے صحیح استعمال سے ہم معاشرے میں بہتری لا سکتے ہیں۔
انہوں نے کورنگی صنعتی علاقے کا ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی کا صنعتی علاقہ5ہزار سے زائد صنعتوں کے ساتھ ملک کا سب سے بڑا صنعتی زون ہے۔
یہاں تین بڑی آئل ریفائنریز کام کررہی ہیں جبکہ کاٹی زون میں لیدر بزنس کیلئے پوراایک سیکٹر 7-A کام کررہا ہے، ہمارا یہ علاقہ قومی خزانے میں روزانہ600ملین روپے جمع کررہا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی تاجر برادری غیر متوازن پالیسیوں کے خلاف ہے،ایف پی سی سی آئی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








