اسلام آباد: افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی بدلتی صورتِ حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پُرامن اور مستحکم افغانستان خطے اور پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،
ان کا کہنا تھا کہ اس تناظر میں پاکستان نے افغان امن عمل کی پُرعزم حمایت کی۔ پاکستان اور چین نے ’ٹرائیکا پلس‘ کا حصہ ہوتے ہوئے امن کاوشوں کو آگے بڑھانے میں گراں قدر معاونت کی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتِ حال میں نہایت ضروری ہے کہ افغان عوام اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جامع سیاسی تصفیہ ضروری ہے، جس کے لیے تمام افغانوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ عالمی برادری کی جانب سے افغان عوام کی حمایت کا جاری رہنا بھی ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ماہرین نے ‘نیلی ہائیڈروجن’ کو کوئلے سے زیادہ ماحول دشمن قرار دے دیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








