راولپنڈی اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت ملک بھر کے مختلف شہروں میں عاشورۂ محرم کے جلسے جلوس اور تعزئیے برآمد ہوں گے جس کیلئے فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے تمام شہروں، قصبوں اور دیہات سے ماتمی جلوس نکالے جائیں گے جن کیلئے کورونا ایس او پیز جاری کردی گئیں۔ علماء، ذاکرین اور محدثین حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے فلسفۂ شہادت پر خطاب کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امام حسین رضی اللہ عنہ نے ظالم کے آگے سر نہیں جھکایا۔وزیراعظم
ماتمی جلوسوں میں عزاداران سینہ کوبی اور نوحہ خوانی کریں گے اور میدانِ کربلا کے تپتے ہوئے ریگزار میں امام حسین رضی اللہ عنہ کی اہلِ بیت کے ہمراہ شہادت کے واقعے کو یاد کیا جائے گا۔ نذرونیاز اور سبیلیں گزشتہ روز کی طرح آج بھی جاری رہیں گی۔
ملک کے متعدد شہروں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عاشورۂ محرم کے جلسے جلوسوں کی حفاظت کیلئے کمربستہ ہیں۔ جلوسوں کی گزرگاہوں کے قرب و جوار میں موبائل فون سروس بند کر گئی۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی۔
آج 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس کراچی کے نشتر پارک سے برآمد ہوگا جس کے شرکاء اور عزاداران تبت سینٹر میں نمازِ ظہرین ادا کریں گے۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا حسینیہ ایرانیاں پر اختتام کو پہنچے گا۔
مرکزی جلوس کے روایتی راستوں میں نمائش، سی بریز، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان، بولٹن مارکیٹ، لائٹ ہاؤس اور کھارادر شامل ہیں۔ رینجرز اور پولیس یومِ عاشور کے جلوسوں اور مجالس کیلئے فول پروف سیکیورٹی فراہم کریں گے۔
جلوس کی گزرگاہوں میں بلند عمارات اور اطراف میں اسنائپرز تعینات کرکے کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ مرکزی جلوس کے راستوں کی فضائی نگرانی بھی ہوگی۔
اسلام آباد کا مرکزی ماتمی جلوس ذوالجناح و علم امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلے سے آج صبح 11 بجے برآمد ہوگا۔ لاہور کا مرکزی جلوس نثار حویلی، اندرونِ موچی گیٹ سے برآمد ہو کر کربلا گامے شاہ پہنچنے کے بعد اختتام کو پہنچے گا۔
ملتان، فیصل آباد، پشاور، حیدر آباد، بنوں، سکھر اور دیگر شہروں میں بھی محرم کے ماتمی جلوس روایتی راستوں سے ہو کر اختتام کو پہنچیں گے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار جلوس کی سیکیورٹی کیلئے تعینات کردئیے گئے۔
خیال رہے کہ آج عاشورۂ محرم کے موقعے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا یومِ شہادت منایا جارہا ہے۔ یہی وہ دن ہے جب امام حسین رضی اللہ عنہ نے اہلِ بیت کے ہمراہ میدانِ کربلا میں جامِ شہادت نوش کیا۔
ہر اسلامی سال کے پہلے مہینے محرم الحرام کی 10 تاریخ کو یومِ عاشور کے موقعے پر جلسے جلوس، ریلیوں اور تعزیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ علمائے کرام اور ذاکرین حضرت امام حسین کی شہادت کا فلسفہ بیان کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان سمیت دنیا بھر میں حضرت امام حسین کا یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








