کراچی کے علاقے مہران ٹاؤن کی کیمیکل فیکٹری میں لگنے والی آگ نہ بجھ سکی جس کے نتیجے میں 5 سگے بھائیوں سمیت 15 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی ، مہران ٹاؤن میں واقع کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 15 مزدور جاں بحق ہوئے جن میں 5 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ آگ آج صبح 10 بجے کے قریب لگی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو لپیٹ میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے حادثہ پر تاخیر سے پہنچیں اور آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا گیا۔
آگ بجھانے کی کوشش کے دوران 2 فائر فائٹرز اور ریسکیو کے دوران ایدھی کا ایک اہلکار زخمی ہوا۔ فیکٹری کی دیواریں توڑنے کیلئے ہیوی مشینری طلب کر لی گئی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق 10لاشیں جناح ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
مزدور مدد کیلئے چیختے رہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ
کیمیکل فیکٹری میں آگ لگ جانے کے باعث فیکٹری میں کام کرنے والے متعدد مزدور جاں بحق ہو گئے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مزدور فیکٹری کی کھڑکیوں سے مدد کی اپیل کرتے رہے لیکن کوئی بر وقت مدد کو نہ پہنچ سکا۔
فیکٹری کا ایگزٹ گیٹ ایک ہی تھا جسے فیکٹری مالک نے تالا لگا کر بند کیا ہوا تھا۔ گرلز کو تالے لگا کر بند کردیا گیا تھا جس کے باعث فیکٹری کی عمارت کی پہلی منزل پر موجود مزدور اپنی جان نہ بچا سکے اور دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوئے۔
مجموعی طور پر فیکٹری کی عمارت میں 20 سے 25 مزدور موجود تھے جو تاحال فیکٹری میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اب تک 13 افراد کی میتیں نکالی جاچکی ہیں۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بوگس میٹرز اسکینڈل، ملزمان ثبوت مٹاتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








