اسلام آباد: آئیسکو کے بوگس میٹرز اسکینڈل سے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا گیا جس کے ثبوت مٹانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے، ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آئیسکو اور گلبرگ گرین سوسائٹی کے مجرمانہ گٹھ جوڑ سے بوگس میٹرز غائب کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ گزشتہ ڈیڑھ سال سے بوگس میٹر اسکینڈل زیرِ تفتیش ہے۔ گزشتہ 7 برس میں 300 بوگس میٹرز کے کمرشل استعمال سے قومی خزانے کو 40 کروڑ سے زائد نقصان پہنچایا گیا۔
وزارتِ توانائی کے ویجیلنس ڈی جی کرنل (ر) سلیم کی سربراہی میں 26 اور 26 اگست کی درمیانی شب آئیسکو کے ایک لائن سپرنٹنڈنٹ، سپرنٹنڈنٹ انجینئر اسلام آباد، ایکسین 1، ایس ڈی اور نیلور سمیت سب ڈویژن اور دیگر سی ڈی اے ٹیم کے ہمراہ گلبرگ گرین سوسائٹی میں پہنچے اور گلبرگ گرین سوسائٹی کی انتظامیہ کمیٹی کے دفتر میں 300 بوگس میٹرز اتارنے کے معاملات طے پا گئے۔
طے شدہ غیر قانونی معاہدے کے تحت سوسائٹی دفتر سے ملحقہ پلازوں اور فلیٹس کے تقریباً 300 کمرشل میٹرز جو 5 سے 7 سال قبل غیر قانونی طور پر لگائے گئے تھے، انہیں اتار کر نئے میٹرز قانونی طریقے سے لگانے کیلئے 2 روز کا وقت طے کیا گیا جس پر آئیسکو ٹیم اور سوسائٹی انتظامیہ متفق ہو گئے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی کارروائی روکنے کا بھی عندیہ دیا گیا۔
آئیسکو ٹیم نے 2 کروڑ کے عوض ایف آئی اے کی کارروائی روکنے پر سوسائٹی کو راضی کر لیا۔ حیرت انگیز طور پر بوگس میٹرز اتارنے کیلئے صرف 1 روز کی بجلی بند کی گئی جس سے گلبرگ گرین سوسائٹی میں بلیک آؤٹ ہوگیا اور اگلے ہی روز نئے میٹرز لگا کر بجلی بحال کردی گئی تاہم اتارے جانے والے میٹرز کے یونٹس چارج نہیں کیے گئے اور ایف آئی اے نے چھاپہ ماردیا۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن ٹیم نے عین میٹرز اتارنے کے بعد غائب کرتے وقت گلبرگ گرین سوسائٹی اور آئیسکو نیلور سب ڈویژن میں چھاپہ مار کر بوگس میٹرز ضبط کرلیے اور چند افراد کو گرفتار کر لیا گیا جس کی ڈائریکٹر ایف آئی اے (کرائم سرکل) وقار چوہان نے تصدیق کردی۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے (کرائم) سرکل نے کہا کہ یہ کیس ایف آئی اے میں زیرِ تفتیش ہے جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن رضوان شاہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر رانا شاہد نے ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے اتارے جانے والے بوگس میٹرز ضبط کر لیے ہیں۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے جس میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بوگس میٹرز اسکینڈل کیس، 4 گرفتار ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








