راولپنڈی: پولیس نے جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنانے کے جرم میں یوسی سیکریٹری اور نمبردار سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کی ضمانت قبل از گرفتاری مسترد ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنانے کے الزام میں سیکریٹری یوسی دھلا محمد سجاول، نمبردار ارشد جاوید، رضا علی، فاروق احمد اور طارق محمود سمیت چکوال کے رہائشی 5 ملزمان کو گرفتار کیا جن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
گزشتہ ماہ 17 جولائی کو درج کیے گئے مقدمے میں دھوکہ دہی اور فراڈ سے متعلق دفعات شامل ہیں۔ یوسی دھلا کے سابق سیکریٹری محمد سجاول، نمبر دار اور دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
سابق سیکریٹری اور نمبردار پر الزام ہے کہ انہوں نے دیگر ملزمان کو فائدہ پہنچانے کیلئے جعلی سرٹیفکیٹ بنوایا۔ تفتیش کے بعد عدالتی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ ملزمان اینٹی کرپشن کورٹ راولپنڈی سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرچکے تھے جو مسترد کردی گئی۔
آج سے 4 روز قبل 27 اگست کو تمام ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری مسترد ہوئی جس کے بعد سرکل افسر نے پانچوں کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان سے جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے معاملے پر تفتیش جاری ہے جنہیں جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل جعلی شناختی کارڈ کیس میں ایف آئی اے نے نادرا کے 2 اعلیٰ افسران کو حراست میں لے لیا جبکہ ایک غیر ملکی شہری فرار ہوگیا جس کی تلاش شروع کردی گئی۔
ایف ائی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل، کراچی نے 3 روز قبل کارروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا حماد حسین، سینئر ایگزیکٹو نادرا رضوان خان اور غیر ملکی شہری جاوید کے خلاف مقدمہ نمبر 110 درج کرلیا۔
مزید پڑھیں: جعلی شناختی کارڈ کیس، نادرا کے2افسران گرفتار، غیر ملکی شہری فرار
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








