راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈومینک راب نے ملاقات کی ہے ، جس میں “افغانستان کی موجودہ صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے اقدامات” پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف اور ڈومینک راب نے دفاع، تربیت اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان، افغانستان میں امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوششوں کے لیے پرعزم ہے اور ایک جامع حکومت کی حمایت کرتا ہے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و سلامتی کی کوششیں اور کووڈ 19 کے خلاف جنگ سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مہمان خصوصی نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار بشمول انخلا کے کامیاب آپریشن، علاقائی استحکام کو سراہا اور ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔
واضح رہے کہ ڈومینک راب جمعرات کو پاکستان پہنچے تھے جہاں نور خان ایئربیس پر اترنے کے بعد ان کا وزارت خارجہ اور برطانوی ہائی کمیشن کے حکام نے استقبال کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ جمعہ کے روز دفتر خارجہ میں ایک پریس کانفرنس میں ڈومینک راب نے کہا تھا کہ ہم طالبان کو ایک حکومت کے طور پر تسلیم نہیں کرتے تاہم ہم ان کے ساتھ براہ راست رابطے کو اہم سمجھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








