کراچی میں 2021 کی سب سے بڑی چوری ہوئی، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے کروڑوں کا سامان برآمد کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ پر رواں سال کی سب سے بڑی چوری 9 اگست کے روز ہوئی۔ نجی بینک کا سیکیورٹی گارڈ پیسوں سے بھری گاڑی لے کر فرار ہوگیا۔ واقعے کی ایف آئی آر تھانہ میٹھا در میں درج کر لی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایس پی سرفراز نواز نے ایس پی سٹی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔ ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے کیمروں کی مدد سے چوری شدہ پیسوں کی منتقلی کیلئے استعمال کی گئی گاڑی ٹریس کر لی اور 2 سہولت کاروں کو دھرلیا۔
ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے نعمت علی اور اسد علی نامی ملزمان کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے ہائی روف نمبر سی کے 8471برآمد ہوئی۔ ملزمان سے مقدمے پر مزید تفتیش کی گئی جس سے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں۔
مختلف مقامات پر چھاپوں کے نتیجے میں پولیس نے 4 ملزمان مجید گل، سیف اللہ، سید نور اور سلمان شاہ کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ رقم میں سے 2 کروڑ 54 لاکھ 20 ہزار 200 روپے نقد رقم برآمد ہوئی۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے پولیس نے چوری کے پیسے سے خریدا گیا 2 لاکھ 10 ہزار روپے مالیت کا سونا بھی برآمد کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے دیگر مرکزی ملزمان کے بارے میں پوچھ گچھ جاری ہے جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سال کی سب بڑی ڈکیتی، مسلح ملزمان 3کروڑ کے بونڈ لوٹ کر فرار
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








