اسلام آباد:قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے دورہ انگلینڈ کی منسوخی پر کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ کرکٹ کے مفادات کو ترجیح دی، دوسرے ایسا نہیں کرتے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ایک مرتبہ پھر شدید مایوس ہوں۔ انہوں نے لکھا کہ ہم نے ہمیشہ کھیل کے مفادات کو مدنظر رکھنے کی کوشش کی ہے لیکن دوسرے ایسا نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کرکٹ کے سفر کو جاری رکھنے کیلئے ایک لمبا سفر طے کیا ہے، اور یہ وقت کے ساتھ مزید بہتر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم نا صرف زندہ رہیں گے بلکہ ترقی بھی کریں گے، ان شاء اللہ۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ بورڈ کی جانب سے ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار پر قومی کرکٹرز نے سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ یہ ا یک انتہائی افسوسناک خبر ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے بھی دورہ ختم کردیا۔
انہوں نے کہا کہ کاش کہ دنیا پاکستان کے لوگوں کا کرکٹ کیلئے جذبہ اور محبت دیکھ سکے، ہم آگے بڑھتے رہیں گے، پاکستان زندہ باد۔شعیب ملک نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے یہ افسوسناک خبر ہے،لیکن ہمیں مضبوط رہنا ہوگا، ہم دوبارہ واپس آئیں گے۔
کامران اکمل نے لکھا کہ انگلش کرکٹ بورڈ کا فیصلہ انتہائی مایوس کْن ہے، لیکن یہ سب نیوزی لینڈ کا کِیا دھرا جس کے نتائج آج ہم بھگت رہے ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا تھا کہ میرے پاس بالکل الفاظ نہیں ہیں،کبھی نہ بھولیں کہ پاکستان کرکٹ زندہ رہے گی۔
مزید پڑھیں: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ سیکورٹی وجوہات کی وجہ سے منسوخ نہیں ہوا، کرسچن ٹرنر
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








