سندھ حکومت کے احکامات پر ویکسین نہ لگوانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز ہوگیا، کراچی پولیس نے سہراب گوٹھ سے 2 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے کورونا ویکسین نہ لگوانے پر 2 افراد کو حراست میں لے لیا۔ سہراب گوٹھ تھانے میں وبائی امراض ایکٹ 2014 کے تحت ویکسینیشن نہ کرانے پر مقدمہ بھی درج کیا گیا۔
سہراب گوٹھ پولیس کا کہنا ہے کہ ویکسین نہ لگوانے والے 2 ملزمان کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمے کا اندراج عمل میں لایا گیا۔ ملزمان نے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کی ہے جس پر انہیں حراست میں لیا گیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق سہراب گوٹھ میں اسنیپ چیکنگ کے دوران پولیس نے دو افراد کو روک لیا اور ان سے ویکسین لگوانے کے ثبوت کے طور پر ویکسین کارڈ طلب کیا جو دونوں ملزمان بر وقت پیش نہ کرسکے۔
دونوں ملزمان سے پوچھ گچھ کے ذریعے بھی یہ انکشاف سامنے آیا کہ انہوں نے کورونا کی روک تھام کیلئے ویکسین لگوانا ضروری نہیں سمجھا جبکہ سندھ حکومت پہلے ہی ویکسین نہ لگوانے والوں کی گرفتاری کا حکم دے چکی ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہوگیا، پولیس نے 100 سے زائد افراد کو ویکسینیشن نہ کرانے پر گرفتار کر لیا۔
سکھر کے تھانے گزشتہ روز کورونا کی روک تھام کیلئے ویکسین نہ لگوانے والے افراد سے بھر گئے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر ویکسینیشن نہ کروانے والے 91 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
مزید پڑھیں: ویکسین نہ لگوانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 100سے زائد افراد گرفتار
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








