کراچی میں آج دوپہر کے وقت بارش کا امکان، نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کاخدشہ

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی میں آج دوپہر کے وقت بارش کا امکان، نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کاخدشہ
کراچی میں آج دوپہر کے وقت بارش کا امکان، نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کاخدشہ

روشنیوں کے شہر کراچی میں آج دوپہر کے وقت ایک بار پھر بارش کا امکان ہے، گزشتہ دنوں کی بارش کا پانی تاحال سڑکوں پر موجود ہے جبکہ محکمۂ موسمیات نے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشے سے خبردار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں آج دوپہر 2 سے 3 بجے کے دوران بارش کا امکان ہے۔ آج کے علاوہ کل بھی بارش متوقع ہے۔ 27 ستمبر کو مون سون بارشوں کا نیا اسپیل شہر میں داخل ہوجائے گا۔

محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر نے کہا کہ 27 سے 30 ستمبر تک مون سون اسپیل کے باعث کراچی میں بارش ہوسکتی ہے۔ آج دوپہر کو ہونے والی بارش سے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ گزشتہ روز بھی اربن فلڈنگ سے شہری بے حد متاثر ہوئے۔

کراچی کے ضلع جنوبی میں اربن فلڈنگ کے باعث شہری شدید مسائل کا شکار رہے۔ ناگن چورنگی میں مسافر بس کے ایک سائیڈ کی طرف گر جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ آج شہر میں جمع ہونے والا برساتی پانی تو اتر گیا، تاہم سڑکوں کے کنارے سے پانی کم نہ ہوسکا۔

کنٹونمنٹ بورڈز اور کے ایم سی کا عملہ سڑکوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 70، ضلع جنوبی میں 49 جبکہ اولڈ ایئرپورٹ میں 19 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون سسٹم سمندر سے مزید نمی حاصل کرکے طاقتور ہوچکا ہے، کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، لاڑکانہ، سکھر، دادو اور نواب شاہ میں بھی 23 سے 25 ستمبر تک بارش متوقع ہے۔

اس کے علاوہ جمعہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ زیریں سندھ، جنوبی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں چند مقامات پر گرج چمک اور آندھی یا تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی۔ 

یہ بھی پڑھیں: کراچی، سہراب گوٹھ سے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے 2افراد گرفتار

Related Posts