کراچی:شہرکے مختلف علاقوں میں پیرکواچانک تیز بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا جبکہ گرمی کی شدت بھی کم ہوگئی۔
کورنگی، ملیر، لانڈھی، سہراب گوٹھ، گلزار ہجری، اسکیم33، گلشن معمار، احسن آباد، نیو کراچی اور صدر بارش ہوئی۔
شہر قائد میں پیرکی صبح سے ہی گرمی عروج پر تھی اور سورج آگ برسا رہا تھا کہ ایک دم موسم میں تبدیلی آئی اور تیز ہوا کے ساتھ بارش کا آغاز ہوا،ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات کے مطابق کل تیز ہواؤں اورگرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے جس سے شہر میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ سندھ میں داخل ہوگیاہے جب کہ کراچی میں سے گرج چمک کے ساتھ تیزاور درمیانی بارشیں ہوسکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر فار ہیٹ ویو کی جانب سے جاری پیش گوئی کے مطابق مون سون کا نیا سسٹم سندھ میں داخل ہوگیاہے جس کے نتیجے میں28 ستمبرسے 2 اکتوبرکے درمیان کراچی،حیدرآباد، میرپوخاص، سانگھڑ، بدین، ٹنڈوالہ یار،ٹنڈو محمد خان، مٹیاری اور شہید بینظیرآباد میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ تیز اوردرمیانی نوعیت کی بارش ہوسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دیہی سندھ کے اضلاع سکھر،لاڑکانہ اور جیکب آباد میں 28 سے 30 ستمبر تک بارش ہونے کی توقع ہے، اتوارکو شہر میں گرم ومرطوب دن ریکارڈ ہوا،سمندری ہوائیں بحال ہونے کے باوجود دن بھر گرمی رہی،شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.5 ڈگری ریکارڈ کیاگیا۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ خلیج بنگال میں بننے والے گلاب نامی طوفان کے باعث سندھ کے ساحلی شہروں میں تیز بارش ہوسکتی ہے۔چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ طوفان سے پاکستانی ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں البتہ بھارتی ریاست گجرات سے ٹکرائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کا یہ اسپیل کم سے کم 4 اور زیادہ سے زیادہ سے 5روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ سمندری طوفان کے پاکستان کے ساحلی علاقوں کے قریب سے گزرنے کا امکان ہے جس کے باعث تیز بارش ہوسکتی ہے۔