اسٹاک مارکیٹ سرمائے میں 164 ارب کا اضافہ

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے سرمائے میں 164 ارب روپے کا اضافہ
پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے سرمائے میں 164 ارب روپے کا اضافہ

کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ سے جمعرات کو مندی کے بادل چھٹ گئے،سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی ٹیلی کام،فوڈز،پیٹرولیم اور بینکنگ سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی بدولت مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان رہا۔

کے ایس ای100انڈیکس 1100پوائنٹس بڑھ گیا جس سے انڈیکس ایک بار پھر44ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 164ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 75کھرب روپے سے بڑھ کر77کھرب روپے کی بلند سطح پر جا پہنچا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 1111.90پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس43221.78پوائنٹس سے بڑھ کر44333.68پوائنٹس ہو گیا۔

اسی طرح461.95پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس16881.07پوائنٹس سے بڑھ کر17343.02پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 29850.69پوائنٹس سے بڑھ کر30504.63پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 1کھرب64ارب92کروڑ36لاکھ11ہزار456روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 75کھرب 82ارب 72کروڑ 1لاکھ52ہزار796روپے سے بڑھ کر77کھرب47ارب64کروڑ37لاکھ 64ہزار252روپے ہو گیا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو 13ارب روپے مالیت کے 38کروڑ85لاکھ97ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ بدھ کو12ارب روپے مالیت کے35کروڑ49لاکھ64ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو مجموعی طور پر557کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے464کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،79میں کمی اور14کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

کاروبار کے لحاظ سے ورلڈ کال ٹیلی کام6کروڑ61لاکھ،یونٹی فوڈز لمیٹڈ2کروڑ50لاکھ،ٹیلی کارڈ لمیٹڈ1کروڑ89لاکھ،ٹریٹ کارپوریشن 1کروڑ64لاکھ اور حیسکول پیٹرول 1کروڑ60لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔

قیمتوں میں اتار چڑھا کے اعتبار سے یونی لیور فوڈز کے حصص کی قیمت میں 1600.00روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے اسکے حصص کی قیمت بڑھ کر21000.00روپے ہو گئی۔

Related Posts