جولائی 2005ء میں مائیکروسافٹ کی دعوت پر اس کے بانی بل گیٹس سے والد کے ہمراہ ملاقات کرنے والی ارفع کریم رندھاوا کو کم عمری میں بے پناہ اعزازات اور لڑکپن میں موت کے باعث آج تک یاد کیاجاتا ہے۔

آج ہم مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل کا اعزاز حاصل کرنے والی ارفع کریم رندھاوا کے بارے میں بات کریں گے کہ وہ کون تھی اور اس نے ملک کے لیے کیا خدمات انجام دیں۔
ارفع کریم کا خاندانی پس منظر:
پنجاب کے شہر فیصل آباد سے تعلق رکھنےو الی ارفع کریم شہر کے ایک نزدیکی گاؤں رام دیوالی میں 2 فروری 1995ء میں عبدالکریم رندھاوا کے گھر پیدا ہوئیں۔
عبدالکریم رندھاوا ایک ریٹائرڈ آرمی آفیسر ہیں جنہوں نے صرف 3 سال کی عمر میں ارفع کو اسکول میں داخلہ دلوایا جہاں اس نے اپنی ذہانت اور فہم و فراست سے اساتذہ کو حیران کردیا۔
ارفع کریم رندھاوا کے کارہائے نمایاں
غیر معمولی ذہانت کی حامل ارفع کریم رندھاوا نے محض 9 سال کی عمر میں امریکی کمپنی مائیکروسافٹ سے سرٹیفائیڈ پروفیشنل (ایم سی پی) کی سند حاصل کی جو ان کی پہچان بن گئی۔

ارفع کریم رندھاوا کا نام کمسن ترین مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل کے طور پر 2008ء تک گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج رہا۔ انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔
پاکستان کی نمائندگی کرتےہوئے ارفع کریم رندھاوا نے مختلف بین الاقوامی فورمز شمول ٹیک اینڈ ڈویلپرز کانفرنس میں شرکت کی جس پر انہیں اعزازات سے نوازا گیا۔
ارفع کریم کی بل گیٹس سے ملاقات
مائیکروسافٹ کے بانی اور مالک بل گیٹس نے ارفع کریم رندھاوا کو کمپنی کے صدر دفتر میں ملاقات کی دعوت دی جس پر ارفع کریم اپنے والد کے ہمراہ امریکا جا پہنچیں۔
مائیکروسافٹ کے صدر دفتر میں 10 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات کے دوران بل گیٹس نے ارفع کریم کی کامیابیوں کو سراہا اور کم عمر پاکستانی بچی کی حوصلہ افزائی کی۔

ارفع کریم نے مائیکروسافٹ جا کر اس کے بانی بل گیٹس سے ملاقات کے وقت وہاں ایک تصویر بھی لی جو ہمارے لیے ایک یادگار کی حیثیت رکھتی ہے۔
تمغے اور اعزازات
بین الاقوامی میڈیا نے ارفع کریم رندھاوا کو پاکستان کی تصویر کا دوسرا رخ اور روشن چہرہ قرار دیا۔ چھوٹی سی عمر میں درجنوں تمغوں کا بوجھ اٹھانے والی لڑکی نے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کردیا۔
ارفع کریم رندھاوا کو مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کے نام پر فاطمہ جناح طلائی تمغہ بھی عطا کیا جو انہیں ملنے والا ایک اور اہم اعزاز ہے جبکہ انہیں سلام پاکستان یوتھ ایوارڈ بھی دیا گیا۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں









