نیشنل گیمز کے دوران واپڈ اور آرمی میں لڑائی، کھیل کا میدان، میدانِ جنگ میں تبدیل

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو اسکرین گریب

کراچی میں جاری 35 ویں نیشنل گیمز میں فٹبال مقابلے میں پاکستان آرمی اور واپڈا کے کھلاڑی آپس میں گتھم گتھا ہوگئے اور  اسٹیڈیم میدان جنگ بن گیا۔

نجی چینل جیو کے مطابق نیشنل گیمز میں فٹبال سیمی فائنل میں پاکستان آرمی اور واپڈا کے کھلاڑیوں میں جھگڑا ہوا۔ سیمی فائنل ختم ہوتے ہی دونوں ٹیموں کے پلیئرز  گتھم گتھا ہوگئے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان جھگڑے کی وجہ سے کے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس کا فٹبال اسٹیڈیم میدان جنگ بن گیا۔

ہوا کچھ یوں کہ میچ ختم ہوتے ہی فاتح ٹیم آرمی کے کھلاڑیوں نے واپڈا کے بینچ کے سامنے جارحانہ انداز میں جشن منایا، اس دوران دونوں ٹیموں کے پلیئر میں گالم گلوچ کے بعد ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔

تلخ کلامی کے دوران واپڈا کے کھلاڑی شائق دوست نے آرمی کے پلیئر کو آکر کک کیا جس پر لڑائی سخت ہوگئی۔

لڑائی کے دوران واپڈا کے چند کھلاڑی ایک متنازع فیصلے کی بنیاد پر ریفری پر چڑھ دوڑے۔ ریفری خود کو بچانے کے لیے روم میں گئے تو پلیئر روم میں بھی گھس گئے۔ کھلاڑیوں نے مبینہ طور پر ریفری پر بھی تشدد بھی کیا۔

میچ کمشنر اور آفیشل معاملے کی رپورٹ پی او اے اور فٹبال فیڈریشن کو بھجوائیں گے۔ معاملے پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے خلاف انضباطی کارروائی کا امکان ہے۔

Related Posts