لاہور میں بسنت کا آغاز، 12 بجتے ہی چھتوں پر منچلوں کے ڈیرے، مریم نواز کی مبارکباد

تازہ ترین

تازہ ترین

مریم نواز
(فوٹو: اوصاف)

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بسنت کا رنگا رنگ میلہ سج گیا۔ رات 12 بجتے ہی چھتوں پر منچلوں نے ڈیرے لگا لیے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے زندہ دلانِ لاہور کو بسنت کے آغاز پر مبارکباد دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے رات 12 بجے پتنگ اڑا کر بسنت فیسٹیول باضابطہ طور پر شروع کیا۔ اس کے ساتھ ہی لاہور کے آسمان پر ستاروں کی جگہ پتنگوں نے لے لی اور آج بھی چھتوں پر پتنگ بازی اور ہلہ گلہ جاری ہے۔

عوام کی بڑی تعداد پتنگوں کو اڑتا دیکھنے کیلئے سڑکوں پر نکل آئی۔ خواتین نے بہار کی نشانی سمجھے جانے والے بسنت کے تہوار کیلئے خواتین نے ہاتھوں پر مہنگی لگوائی اور رنگ برنگے لباس پہنے۔ بسنت کا تہوار منانے والے مزیدار پکوان کا لطف بھی اٹھا رہے ہیں۔

بسنت کے آغاز پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 25سال بعد لاہور کے آسمان پر پتنگیں واپس آئیں۔ خوشیوں کا یہ جشن ذمہ داری کے ساتھ منائیں اور حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ بسنت کو سب کیلئے محفوظ بنانا ہوگا۔

دریں اثناء وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بسنت کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے لاہور کے لبرٹی چوک کا دورہ کیا اور شہریوں سے بات چیت بھی کی۔ شہریوں نے بسنت کا تہوار منانے کی اجازت دینے اور انتظامات کیلئے وزیر اعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے اقدامات کی تعریف کی۔

Related Posts