کراچی کے تھانہ شاہ فیصل کالونی میں تعینات خاتون پولیس اہلکار مریم نے گھریلو جھگڑے کے بعد مبینہ طور پر خود کشی کے ذریعے اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق کراچی کی شاہ فیصل کالونی کے تھانے میں تعینات خاتون پولیس اہلکار کی گھر میں پھندا لگی لاش ملی ہے۔
واقعے کے حوالے سے ایس ایس پی کورنگی نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ خاتون اہلکار کی لاش کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کے حوالے سے ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ خاتون کے شوہر نے بیان دیا ہے کہ اس کا کسی سے جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد خاتون اہلکار نے گھر میں ہی گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کی ہے۔
ابتدائی طور پر واقعہ خود کشی کا بتایا گیا ہے مگر پولیس حکام اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے، جس کے بعد حقیقی صورتحال سامنے آئے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








