کراچی میں پہلی جماعت کی طالبہ گٹر کے کھلے مین ہول میں گر گئی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے علاقے منگھوپیر میں پیش آیا جہاں پہلی جماعت کی طالبہ کھلے مین ہول کے باعث گٹر میں جاگری۔ رپورٹ کے مطابق بچی اسکول سے چھٹی کے بعد پیدل چل کر اپنے گھر کی جانب جارہی تھی۔
گھر جاتے ہوئے پہلی جماعت کی طالبہ کے گٹر میں گر جانے پر اس کی ساتھی طالبات نے رونا شروع کردیا۔ شور سن کر قریب سے گزرتے ہوئے راہگیر نے جو ایک سادہ لباس اہلکار تھا، بچی کو بحفاظت گٹر سے باہر نکال لیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 12 ڈی، یونین کونسل 11 میں پیش آیا جہاں ایک کھلے مین ہول میں بچی گر گئی۔ اہلِ محلہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچی کو گٹر سے با حفاظت نکال لیا تھا۔
واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مین ہول پر ڈھکن موجود نہیں، جس کی وجہ سے یہ خطرناک حادثہ پیش آیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








