خوشیوں کا سفر بن گیا سوگ؟ امریکا میں خوفناک بس حادثے میں بھارتی و چینی شہری ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اے پی)

امریکہ کے نیاگرا آبشار کی سیر کے بعد نیویارک واپس لوٹنے والی ایک سیاحتی بس پمبروک کے قریب اچانک بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر ایئر ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ بس کا ڈرائیور حادثے کے وقت بس پر کنٹرول کھو بیٹھا جس کے باعث بس سڑک سے اتر کر الٹ گئی۔ اس حادثے کے وقت بس میں کل 54 مسافر سوار تھے جن میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سیاح شامل تھے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ بس میں سوار زیادہ تر مسافر بھارت، چین، اور فلپائن سے آئے ہوئے تھے۔ حادثے کے فوری بعد نیویارک ہائی وے پر ٹریفک کئی گھنٹے کے لیے بند رہی جس سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے اس سانحے کو نہایت افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی انتظامیہ فوری طور پر تمام ضروری امدادی اور حفاظتی اقدامات کر رہی ہے تاکہ زخمیوں کو جلد از جلد طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے حادثے کی وجوہات کا فوری طور پر جائزہ لینے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی۔

حادثے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جن میں بس کے الٹنے کا خوفناک منظر واضح نظر آ رہا ہے۔ مقامی انتظامیہ اور پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ راستہ خالی رکھیں تاکہ امدادی ٹیمیں آسانی سے اپنی خدمات انجام دے سکیں۔

Related Posts