کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ مارچ کے دوران روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں 18 کروڑ ڈالرز سے زائد رقم جمع کرائی گئی ہے۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں مارچ کے دوران دیگر سرگرمیوں کی معلومات بھی جاری کردی گئیں۔
نجی ٹی وی (جیو نیوز) کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے روشن ڈیجیٹل کھاتوں میں مارچ کے دوران ہونے والی سرگرمیوں کے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ 2024 کے دوران روشن ڈیجیٹل اسکیم کے تحت 11 ہزار 91 اکاؤنٹس کھولے گئے۔
رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ مارچ تک سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے کھولے گئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تعداد 6 لاکھ 79 ہزار 792 ہوگئی۔ اوور سیز پاکستانیوں کیلئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم عمران خان کے دور میں 2020ء میں شروع کی گئی تھی۔
ستمبر 2020ء میں اسکیم کا اجراء کیا گیا جو پاکستان کیلئے بے حد مفید ثابت ہوئی۔ گزشتہ 44 ماہ میں ماہانہ 15 ہزار 450 اوور سیز پاکستانی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھول رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ کے دوران روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 18 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کی رقم جمع کرادی گئی۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اسی عرصے کے دوران روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے 1 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز نکالے بھی گئے جبکہ 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز مقامی سطح پر استعمال کیے گئے۔ مارچ 2024ء تک روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں جمع کرائی گئی رقم کا تخمینہ 7ارب 66کروڑ ڈالرز لگایا گیا ہے۔
مرکزی بینک کے بیان کے مطابق 83 فیصد ڈپازیٹرز نے اپنی رقم ملک میں خرچ کی یا نکالی، جبکہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی خالص ادائیگی کا تخمینہ 1 ارب 28 کروڑ ڈالرز لگایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی موجودگی سے ملکی زرِ مبادلہ کو استحکام حاصل ہوتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








