واشنگٹن: امریکی ایوانِ نمائندگان میں پاک-امریکا تعلقات کی تاریخ میں پہلی بار 23 مارچ 2023 کو ’’یوم پاکستان‘‘ کے طور پر منانے کے حوالے سے اہم اور تاریخی قرارداد پیش کی گئی ہے۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان کے حق میں قرارداد امریکی کانگریس کے رکن جمال بومن نے پیش کی جس کا مقصد امریکا میں پاکستانی نژاد امریکی شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ قرارداد کا متن سامنے آگیا۔
امریکی ایوان نمائندگان میں پیش کی گئی قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ امریکا کے لیے یہ مناسب اور مطلوب امر ہے کہ وہ ان افراد کو خراج تحسین پیش کرے جو امریکا میں موجود مختلف کمیونٹیز کے درمیان تعلقات اور ثقافتی تنوع کو فروغ دیتے ہیں۔
ایوانِ نمائندگان میں پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ یوم پاکستان کے فراہم کردہ بہترین موقعے کے ذریعے امریکا کے باشندے پاکستانی ورثے کے بارے میں اپنی معلومات بڑھا کر آنے والی نسلوں میں اس تاریخی ثقافت کے بارے میں معلومات میں اضافہ کرسکتے ہیں۔
اس حوالے سے امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے قرارداد پیش کرنے پر رکن کانگریس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
پاکستانی سفیر سردار مسعود خان نے امریکن پاکستان ایڈووکیسی گروپ کی قیادت بشمول اے پی اے جی کے صدر اور معروف کمیونٹی رہنما علی راشد کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے رکن کانگریس کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کرتے ہوئے اپنا بھرپور کردار نبھایا تاکہ قرارداد ایوانِ نمائندگان میں پیش کی جاسکے۔
سفیرِ پاکستان سردار مسعود خان نے مزید کہا کہ 23 مارچ 2023 کو یوم پاکستان کے طور پر تسلیم کرنا اور پاک-امریکی شہریوں کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا امریکا تعلقات کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
دریں اثناء پاکستانی سفیر مسعود خان نے کانگریس رکن بومن سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی جنہوں نے سفیر پاکستان کا پرتپاک استقبال کیا۔کانگریس رکن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حق میں قرارداد پیش کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








