سُروں کا انقلاب اور جذبات کی ترجمانی؛ ورلڈ راک ڈے آج منایا جا رہا ہے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

دنیا بھر میں آج ورلڈ راک ڈے منایا جا رہا ہے، جو ہر سال 13 جولائی کو موسیقی کے ذریعے دنیا میں امن، ہمدردی اور جذبۂ یکجہتی کے اظہار کے طور پر منایا جاتا ہے۔

ورلڈ راک ڈے کو منانے کی روایت کی بنیاد ایک ایسے میوزک ایونٹ سے جڑی ہے جس نے موسیقی کی طاقت کو ایک نئے انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا۔

1985 میں 13 جولائی کے دن برطانیہ اور امریکہ میں بیک وقت منعقد ہونے والے لائیو ایڈ (Live Aid) کنسرٹ نے تاریخ رقم کی۔ اس ایونٹ کا مقصد افریقہ کے قحط زدہ علاقوں کے لیے فنڈز جمع کرنا تھا۔ دنیا کے مشہور ترین راک بینڈز اور فنکاروں نے اس تقریب میں شرکت کی جن میں کوئین (Queen)، یو ٹو (U2)، لیڈ زیپلن (Led Zeppelin)، فل کولنز (Phil Collins)، اور میڈونا (Madonna) شامل تھے۔

اس کنسرٹ کو دنیا بھر کے 100 سے زائد ممالک میں براہِ راست نشر کیا گیا اور تقریباً ڈیڑھ ارب سے زائد افراد نے یہ کنسرٹ ٹی وی پر دیکھا۔ اسے دنیا کا سب سے بڑا چیرٹی کنسرٹ قرار دیا جاتا ہے، جس کے ذریعے لاکھوں قحط زدہ افراد کے لیے کروڑوں ڈالرز کی امداد فراہم کی گئی۔

اس ایونٹ کی سب سے یادگار پرفارمنس فرڈی مرکری (Freddie Mercury) اور ان کے بینڈ کوئین (Queen) کی تھی، جنہوں نے صرف 20 منٹ میں اسٹیج پر وہ جادو جگایا جو آج بھی موسیقی کی تاریخ کا سنہری باب تصور کیا جاتا ہے۔

آج جب دنیا ورلڈ راک ڈے مناتی ہے تو یہ دن صرف راک موسیقی کی تعریف تک محدود نہیں بلکہ یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ فن، آواز اور اظہار ایک پوری دنیا کو اکٹھا کر سکتے ہیں۔ یہ دن موسیقاروں، فنکاروں اور سامعین کے درمیان ایک جذباتی رشتہ قائم کرنے کی علامت بن چکا ہے۔

ورلڈ راک ڈے ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ اگر نیت نیک ہو تو فنکار اپنی آواز کو صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا وسیلہ بھی بنا سکتے ہیں۔

Related Posts