بالی وڈ کے مشہور اداکار سنجے دت نے ایک حیران کن اور دل کو چھو لینے والا انکشاف کیا ہے کہ ایک 62 سالہ مداح خاتون نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں اپنی مکمل جائیداد، جس کی مالیت تقریباً 72 کروڑ روپے بنتی ہے انہیں وراثت میں دے دی تھی۔ یہ واقعہ 2018 میں سامنے آیا تھا لیکن سنجے دت نے اب پہلی بار اس کی تصدیق کی ہے۔
نِشہ پٹیل، جو ممبئی کی رہائشی اور سنجے دت کی مداح تھیں نے اپنی بیماری کے دوران یہ فیصلہ کیا کہ اپنی زندگی کے بعد وہ اپنی تمام ملکیت سنجے دت کے نام کر دیں۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار بینکوں کو بھی تحریری طور پر کیا تھا۔
سنجے دت کے مطابق یہ خاتون ممبئی کی رہنے والی تھیں اور ایک لاعلاج بیماری میں مبتلا تھیں۔ وہ سنجے دت کی بہت بڑی چاہنے والی تھیں اور انہوں نے اپنی آخری خواہش کے طور پر اپنی تمام پراپرٹی سنجے دت کے نام کر دی تاہم سنجے دت نے یہ قیمتی تحفہ اپنے نام رکھنے کے بجائے، خاتون کے ورثاء کو واپس کر دیا، اس عمل پر انہیں کافی سراہا بھی گیا تھا۔
سنجو بابا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ وہ اس بات پر حیران رہ گئے تھے کہ کوئی ان کا اتنا بڑا مداح ہو سکتا ہے کہ اپنی پوری جائیداد انہیں دے دے۔ سنجے دت کی اس ایمانداری اور وفاداری کو ان کے مداحوں اور عام لوگوں کی جانب سے خوب سراہا گیا ہے۔
یاد رہے کہ بالی وڈ کے معروف اداکار سنجے دت آج اپنی 66 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔مداحوں اور بالی وڈ شخصیات کی جانب سے سوشل میڈیا پر سنجے دت کو سالگرہ کی مبارکباد دی جا رہی ہے۔
66 برس کی عمر میں بھی سنجے دت کا انداز، شخصیت اور انرجی نوجوان اداکاروں کے لیے ایک مثال ہے، اور ان کا فلمی سفر 1981 سے اب تک بھرپور انداز سے جاری ہے۔
بھارتی فلم نگری کے بابا کہلانے والے سنجے دت کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے نہ صرف اپنی فلمی صلاحیتوں سے لاکھوں دل جیتے بلکہ اپنی نجی زندگی، تنازعات، جیل، اور واپسی کے سفر کے باعث ہمیشہ خبروں کا مرکز بھی رہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








