بالی ووڈ کے نامور اداکار عامر خان اور ان کے خاندان نے اپنے بھائی فیصل خان کی جانب سے لگائے گئے ہولناک الزامات کو غیر ملکی اور تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے شدید ردِعمل دیا ہے۔
فیصل خان نے ایک حالیہ انٹرویو میں بیان کیا کہ انہیں خاندان کے افراد نے انکی رضا کے بغیر ایک سال تک گھر میں محصور رکھا ان سے موبائل فون چھین لیا گیا اور علاج کے نام پر مختلف ادویات زبردستی دی گئیں۔
عامر خان اور ان کے خاندان نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے فیصل خان کے نفسیاتی اور جذباتی مسئلے کی وضاحت کی، ان کا کہنا ہے کہ فیصل کے تمام مسائل کو جھٹلانا یا انہیں نظرانداز کرنا ان کے جذباتی اور نفسیاتی بہبود کی خلاف ورزی ہوتی۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ فیصل سے متعلق تمام فیصلے خاندان نے مل کر اور متعدد طبی ماہرین کی مشاورت کے بعد کیے اور اس کا مقصد ہمیشہ ان کی دیکھ بھال اور محبت بھری نگہداشت رہا۔
عامر خان اور ان کے خاندان نے میڈیا سے پرزور درخواست کی کہ اس نجی اور حساس معاملے کو نقصان دہ افواہوں یا گپ شپ میں تبدیل نہ کیا جائے بلکہ ہمدردی اور احترام کے ساتھ پیش کیا جائے۔
خان فیملی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان پر عامر خان، ان کی سابق اہلیہ کرن راؤ، بچے جُنید اور ایرا خان سمیت دیگر قریبی رشتہ داران نے دستخط کیے ہوئے ہیں جس سے خاندانی وحدت کا اظہار ہوتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








