بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان نے اپنی اکلوتی بیٹی آئرا خان اور نوپو شیکھرے کی شادی میں اپنی دونوں سابقہ بیویوں کے ہمراہ فیملی فوٹو بنوائی جوکہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
10 جنوری کو بھارتی ریاست راجستھان کے شہر اودے پور میں عامر خان کی بیٹی آئرا خان کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی تھی، انہوں نے اپنے اہلخانہ، قریبی دوستوں اور رشتہ داروں کی موجودگی میں اسلام کے بجائے مسیحی مذہب کے مطابق شادی کی۔
پرستاروں کی جانب سے جوڑی کو شادی کی مبارکباد دی جارہی ہے جبکہ کچھ سوشل میڈیا صارفین مسیحی مذہب کے مطابق شادی کرنے پر عامر خان اور اُن کی بیٹی کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔
انہی وائرل تصاویر میں عامر خان کی فیملی فوٹو کو مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے، اس فیملی فوٹو میں عامر خان کی بیٹی آئرا خان، دونوں بیٹے جنید اور آزاد خان اور دونوں سابقہ بیویاں رینا دتا اور کرن راؤ پوز دے رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک تصویر میں آئرا خان اپنی والدہ رینا دتا اور والد عامر خان کے ہمراہ اسٹیج کی طرف آرہی ہیں۔
آئرا خان اور نوپور شیکھرے کی شادی کی تقریبات کا آغاز 8 جنوری سے راجستھان کے شہر اودے پور میں ہوا تھا جبکہ اس جوڑی کا استقبالیہ 13 جنوری کو ممبئی میں ہوگا جس میں سلمان خان، شاہ رخ خان، اجے دیوگن، امیتابھ بچن، کرن جوہر، اکشے کمار، کرینہ کپور، راجکمار ہیرانی، جوہی چاولہ، راکیش اوم پرکاش سمیت دیگر بالی ووڈ شخصیات شرکت کریں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








