نامور اداکارہ و لکھاری امر خان نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں خواتین فنکاراؤں کی صلاحیتوں اور ٹیلنٹ سے زیادہ ان کے خدوخال اور ظاہری حسن کو ترجیح دی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوبز میں کام کرنے والی کئی باصلاحیت خواتین کو صرف اس لیے نظرانداز کیا جاتا ہے کیونکہ وہ ظاہری حسن کے روایتی پیمانوں پر پورا نہیں اُترتیں۔
یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے امر خان نے اپنی ذاتی زندگی، دوستی اور شوبز کے رویّوں پر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سچا دوست وہی ہوتا ہے جس کے ساتھ انسان بلاوجہ کی باتیں بھی دل سے کر سکے، مگر آج کے دور میں سوشل میڈیا نے دوستی کے خلوص کو ایک دکھاوے میں بدل دیا ہے۔
اداکارہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ دو منہ والے سانپ سے بچنا آسان ہے لیکن دو منہ والے انسان سے نہیں اور یہ رویہ خاص طور پر شوبز انڈسٹری میں عام ہے جہاں بظاہر سب مسکرا کر ملتے ہیں مگر حقیقت میں ایک دوسرے کے خلاف ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق عام لوگوں کے دو چہرے ہوتے ہیں مگر اداکاروں کے سو چہرے ، وہ سامنے کچھ اور ہوتے ہیں اور پسِ پردہ کچھ اور۔
امر خان نے انکشاف کیا کہ انہیں زندگی میں کئی بار دوسری شادی کی پیشکشیں ہو چکی ہیں، مگر انہوں نے کبھی کسی کی دوسری بیوی بننے کا سوچا بھی نہیں۔ وہ سمجھتی ہیں کہ عورت کو اپنی عزتِ نفس پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگرچہ فی الحال ان کی شادی نہیں ہوئی، مگر وہ چاہتی ہیں کہ ان کے مستقبل کے شوہر میں رومانوی خصوصیات ضرور ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ عورت اپنے پسندیدہ مرد کا جینا مشکل کر دیتی ہے اور وہ بھی کسی وقت کسی کے ساتھ ایسا کر چکی ہیں تاہم انہوں نے اس شخص کا نام ظاہر نہیں کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








