کراچی:ایڈ منسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ کو عہدے سے برطرف کردیا گیا،سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ نے اپنے احکامات منسوخ کردیئے۔
عدالتی احکامات پر سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ نے نیب زدہ افسر رحمت اللہ شیخ کی بلدیہ ضلع شرقی میں ایڈ منسٹریٹر کی تعیناتی کے حوالے سے جاری احکامات کو منسوخ کرتے ہوئے انہیں عہدے سے برطرف کردیا ہے۔
رحمت اللہ شیخ کیخلاف سنگین کرپشن اور بدعنوانیوں کے الزامات پر نیب تحقیقات کررہا ہے جبکہ انہیں گرفتار بھی کیا گیا تھا تاہم چند روز قبل ہی وہ ضمانت پر رہائی حاصل کرکے آئے تھے اور انہیں شہر کے اہم ترین ڈسٹرکٹ بلدیہ ضلع شرقی میں ایڈ منسٹریٹر تعینات کردیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ایک شہری نے عدالت عالیہ سے بھی رجوع کررکھا تھا۔دریں اثناءگذشتہ روز سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ نے اپنے11نومبر2021ءکو جاری احکامات کو منسوخ کردیا ہے جس کے تحت رحمت اللہ شیخ کو ایڈ منسٹریٹر ضلع شرقی کا چارج دیا گیا تھا۔
بلدیہ ضلع شرقی کے سینئر افسران نے رحمت اللہ شیخ کی تعیناتی کے دوران کی جانے والی تمام ادائیگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، افسران کا کہنا ہے کہ ایڈ منسٹریٹر شرقی کے قریبی عزیز ڈائریکٹر بجٹ نے ضلع شرقی کے مالی معاملات پر قبضہ کررکھا تھا اور مبینہ بھاری نذرانوں کے عیوض بوگس کوٹیشنز کی ادائیگیاں کی گئی ہیں جس کی فوری تحقیقات کی جائیں۔