مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ کراچی کو الگ صوبہ بنانے کی بات مہاجر قوم کو تیسری مرتبہ تقسیم کرنے کی سازش ہے، جس کی حمایت فارم 47 کے نتیجے میں اقتدار میں آنے والے عناصر کر رہے ہیں۔
یہ بات انہوں نے کراچی کے ضلع وسطی میں مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے زیرِ اہتمام خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں یونیورسٹی کی طالبات سمیت خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آفاق احمد نے کہا کہ کراچی صوبہ کا نعرہ مہاجر قوم کا نہیں بلکہ پنجاب اسٹیبلشمنٹ کی خواہش ہے اور اس کی حمایت وہ لوگ کر رہے ہیں جو فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہاجر قومی موومنٹ اپنی قوم اور زمین کی مزید تقسیم کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ مہاجر قوم پہلے دو بڑی تقسیموں کا سامنا کر چکی ہے، پہلی تقسیم قیامِ پاکستان کے وقت اور دوسری 1971 میں سقوطِ ڈھاکا کی صورت میں، اس لیے تیسری تقسیم ناقابلِ قبول ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت شہری سندھ پر مشتمل جنوبی سندھ صوبے کے قیام کی حامی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آقاؤں کی تبدیلی کے لیے اپنی قوم کی قربانی نہیں دی جا سکتی اور اگر وفاق مخلص ہوتا تو مردم شماری میں شہری سندھ کی آبادی کو درست طور پر شمار کیا جاتا تاکہ وسائل اور اختیارات کے لیے کسی کے سامنے دستِ سوال دراز نہ کرنا پڑتا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








