کابل: کار حادثے میں زخمی ہونیوالے افغانستان کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین نجیب ترکئی 29 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
جلال آباد میں کار کی زد آنے کی وجہ سے نجیب ترکئی کے سر میں شدید چوٹیں آئی تھیں جس کی وجہ سے وہ کوما میں چلے گئے تھے۔
افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق میڈیا منیجر ابراہیم مہمند نے جمعہ کے روز بتایا تھا کہ ان کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے اور انہیں کابل کے اسپتال منتقل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
افغان کرکٹر نجیب ترکئی ڈاکٹرز کی انتھک کوششوں کے باوجود جانبر نہیں ہوسکے اور خالق حقیقی سے جا ملے، افغان کرکٹ بورڈ نے ان کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
نجیب ترکئی نے 2014 میں ایشیاء کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف افغانستان کی طرف سے بین الاقوامی سطح کرکٹ میں قدم رکھا۔
12 ٹوئنٹی اور20 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والے نجیب ترکئی کا سب سے زیادہ اسکور 90 تھا جو انہوں نے آئرلینڈ کے خلاف 2017 میں بنایا تھا۔
نجیب ترکئی نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں چھ سنچریاں اور 10 نصف سنچریوں کی مدد سے 47 کی اوسط سے 2000 رنز بنائے۔