افغانستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹی 20 ورلڈ کپ کا گروپ میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور دیا گیا، تاہم دونوں ٹیمیں 17،17 رنز بنا سکیں اور میچ ایک بار پھر ٹائی ہوگیا ہے۔ جنوبی افریقہ نے افغانستان کو جیتنے کیلئے 188رنز کا ہدف دیا تھا۔دوسرے سپر اوور میں فیصلہ جنوبی افریقہ کے حق میں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان نے آج بھارتی شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6وکٹس کے نقصان پر 187رنز بنائے۔
جواب میں افغانستان کی ٹیم 19اعشاریہ 4اوورز میں 187رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور 188رنز کا ہدف تو پورا نہ ہوسکا، لیکن میچ ٹائی ہوگیا جس پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک اضافی اوور دیا گیا تاکہ سپر اوور میں میچ کا فیصلہ ہوجائے۔
تاہم میچ کے دوران مزید دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب سپر اوور میں بھی دونوں ٹیموں کا اسکور 17 کی سطح پر برابر رہا اور 11 رنز بنانے کے بعد ایک چھکے نے اسکور کو 17تک پہنچا کر چھوڑ دیا۔ یوں سپر اوور بھی ٹائی رہا۔
اس موقعے پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک مزید اوور دیا گیا جس میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 23رنز بنائے اور افغانستان کو میچ جیتنے کیلئے 6بالز میں 24رنزکا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں افغانستان نے بھی شاندار بیٹنگ کی تاہم میچ کا فیصلہ دلچسپ انداز میں ہوا۔
افغان وکٹ کیپر بیٹر رحمان اللہ گرباز نے میچ کو آخری لمحات تک مسلسل 3چھکوں کی مدد سے سنسنی خیز بنا دیا، تاہم ایک وائیڈ بال کے بعد چھکوں کا یہ تسلسل ٹوٹ گیا اور اگلی بال پر رحمان اللہ گرباز آؤٹ ہوگئے۔ یوں افغانستان صرف 4رنز کے فرق سے میچ ہار گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








