کابل: افغان طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان کے صوبے غزنی میں گرنے والا طیارہ امریکی فوج کا ہےجس میں امریکی سی آئی اے کے متعدد اہلکا ر ہلاک ہوگئے ہیں۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کااپنے بیان میں کہناتھا کہ ’غزنی کے ضلع دہ یاک میں، ایک خصوصی امریکی طیارہ خفیہ مشن کے لیے اس علاقے میں تھا جو گر کر تباہ ہوا، طیارے میں عملے کے تمام اہلکار اور متعدد سینئر امریکی سی آئی اے افسران ہلاک ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل خبریں گردش کررہی تھیں کہ مسافر طیارہ ہرات سے کابل کے لیے پرواز کررہا تھا جو صوبہ غزنی کے مشرقی ضلع دیہک کے پہاڑی علاقے میں گر کر تبا ہوگیا، طیارہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کے قریب گرا جس میں سوار تمام مسافر اور عملے کے افراد جاں بحق ہوگئے۔
صوبہ غزنی کے گورنر کے ترجمان نےمسافر طیارہ گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ یہ علاقہ طالبان کے زیر اثر ہےجس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ طیارہ گرنے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی، حادثہ اتنا خوفناک ہے کہ طیارے میں موجود مسافروں کے زندہ بچ جانے کے امکانات نہایت کم ہیں۔