بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 10ڈالر کی کمی سے 1823 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں منگل کو فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 350روپے اور 301روپے کی کمی واقع ہوئی۔
عالمی مارکیٹ میں کمی کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 141500 روپے ہوگئی اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 121313 روپے ہوگئی۔
اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1560روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1337.44 روپے پر مستحکم رہی۔