مستونگ: اختر مینگل نے کوئٹہ کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

اختر مینگل
اختر مینگل کا کہنا ہے کہ مذاکرات کیلئے آنے والا وفد بے اختیار تھا۔ (فوٹو: آن لائن)

مستونگ: بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ اختر مینگل کی ہدایات پر مستونگ میں لک پاس پر 6 روز سے دھرنا دھرنا جاری ہے، پارٹی سربراہ نے کوئٹہ کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق لک پاس پر دھرنے کے باعث کراچی کوئٹہ اور تفتان شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی، پی ٹی آئی وفد نے بھی بی این پی کے دھرنے میں شمولیت اختیار کرلی جس میں پارٹی کے اہم رہنما شامل ہیں۔

پی ٹی آئی وفد میں سلمان اکرم راجا، علامہ راجہ ناصر عباس اور دیگر صوبائی رہنما شامل ہیں۔ سربراہ بی این پی اختر مینگل نے خواتین کی رہائی تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے گرفتاریوں کو ماورائے آئین قرار دیا۔

اس سے قبل اختر مینگل کا کہنا تھا کہ خواتین کی گرفتاریاں ناقابلِ قبول ہیں، اگر حکومت نے 2 روز میں خواتین کو رہا نہ کیا تو کوئٹہ کی جانب لانگ مارچ ہوگا۔ مذاکرات کیلئے آنے والا حکومتی وفد بے اختیار تھا۔

اختر منگل کا کہنا تھا کہ بے اختیار بلوچستان حکومت کہیں اور دیکھ رہی ہے۔ دریں اثناء لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے اختر مینگل نے کہا کہ حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی ہے اس لیے شرکاء کوئٹہ کی جانب لانگ مارچ کریں گے۔

حکومت کی جانب سے بی این پی قافلے کو کوئٹہ میں داخلے سے روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ لکپاس اور دشت کے علاقوں میں مختلف مقامات پر خندقیں کھودنے کے علاوہ مستونگ سمیت دیگر مقامات کنٹینرز لگا کر سیل کردئیے گئے۔

Related Posts