علی امین گنڈا پور وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد مطمئن ہوکر پشاور روانہ

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو جیو

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ  وزیر اعظم سے ملاقات مثبت رہی، انہوں نے تعاون کا یقین دلایا ہے۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے درمیان ملاقات میں خیبر پختونخوا کو فنڈز کی فراہمی اور چیف سیکریٹری کے تقرر پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے ساتھ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نےکہا کہ وزیر اعظم سے تمام امور  پر مثبت انداز میں بات چیت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مالی مشکلات سے آگاہ کیا، ایسا کوئی مطالبہ نہیں کریں گے جو وفاقی حکومت کے لیے نا ممکن ہو، وزیراعظم نے یقین دلایا کہ صوبے کے واجبات ادا کریں گے۔

علی امین گنڈا پور  نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا معاملہ بھی اٹھایا، میں نے بتایا کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کرنی ہے،  وزیراعظم نے یقین دلایا کہ میری جلد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے سیاسی انگیجمنٹ ضروری ہے، سیاسی انگیجمنٹ ہوگی تو سیاسی مسائل حل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ  وزیراعظم نے کہا کہ صوبے نے آپ کو مینڈیٹ دیا ہے، شہاب خان کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا جو ٹیم لانا چاہیں لائیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہمارے خط کا مطلب یہ نہیں تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان کو رقم ادا نہ کرے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نےکہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی وزیراعظم سے ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہیں، وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں امن و ترقی کے لیے ہرممکن کردار ادا کرے گی۔

انہوں نےکہا کہ سیاست اپنی اپنی مگر ریاست سانجھی ہے، وزیراعظم نے انہی جزبات کا اظہار کیا جو علی امین گنڈاپور نےکیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے واجبات کی ادائیگی کا یقین دلایا ہے اور آئی ایم ایف مذاکرات کے بعد واجبات پر اجلاس کا کہا ہے۔

Related Posts