سینئر اداکار و ہدایت کار یاسر نواز مشکل میں پڑ گئے، اداکارہ علیزے شاہ نے مختلف ٹی وی پروگرامز میں نام لینے پر آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یاسر باز نہ آئے تو ہتکِ عزت کا مقدمہ کردوں گی۔
تفصیلات کے مطابق علیزے شاہ نے انسٹاگرام اسٹوری پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری یاسر نواز کو آخری وارننگ ہے کہ کسی بھی پلیٹ فارم پر میرا نام استعمال نہ کریں۔ میں نے 5سال پہلے ان کے ساتھ ایک پراجیکٹ میں کام کیا اور وہ اب تک میرا نام لیتے ہیں۔
انسٹاگرام اسٹوری کے مطابق اداکارہ علیزے شاہ نے کہا کہ یاسر نواز جس بھی شو میں جاتے ہیں، میرا ذکر کرتے ہیں۔ پھر معذرت بھی کرتے ہیں کہ آئندہ ایسا نہیں کروں گا، لیکن اس کے ساتھ ہی وہی بات دہرائی جاتی ہے۔ میرا نام لیا جاتا ہے اور پھر وہی بات کہ ان کا میرے ساتھ تجربہ اچھا نہیں تھا۔

علیزے شاہ نے کہا کہ میرے پاس ایسے تمام شوز کا ریکارڈ ہے جس میں یاسر نواز میرا نام لے کر بے عزتی کرنے کی کوشش کرتے نظر آئے۔ اگر یہی رویہ رہا تو بغیر کوئی وارننگ دئیے یاسر نواز پر ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کروں گی۔ انڈسٹری کو بتاؤں گی کہ انہیں میرے ساتھ کام کرنا کیوں پسند نہیں؟ یقین کریں، اس سے ان کی شہرت پر اچھے اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








