کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹر عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور حقوق حاصل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گورنرہاﺅس میں ہندو برادری کے تہوار ہولی کے موقع پر سادہ و پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کیک کاٹ کر تقریب کا آغاز کیا ۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی جے پرکاش ، اقلیتی اراکین اسمبلی اور اقلیتی رہنماﺅں سمیت ہندو برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے اقلیتوں کو اس بات کا یقین دلایا تھا کہ مسلمانوں کی طرح دیگر اقلیتوں کو پاکستان میں مکمل آزادی اور حقوق حاصل ہوں گے۔ آج بابائے قوم کے وژن کے مطابق اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور تمام حقوق حاصل ہیں انھیں قانون سازی میں بھی نمائندگی حاصل ہے ۔
ڈاکٹر عمران اسماعیل نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہندو برادری ہر برس کی طرح امسال بھی اپنا تہوار بڑے جوش و خروش سے منارہی ہے میں، ہندو برادری کو ہولی کے تہوار کے موقع پر مبارک باد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہندو برادری ملکی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہی ہے بالخصوص تعلیم ، صحت ، بلدیات اور دیگر شعبوں میں ہندوبرادری بھرپور قومی خدمت کا فریضہ انجام دینے میں مصروف عمل ہے جو کہ خوش آئند بات ہے ۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہک پڑوسی ملک بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک روا رکھا جارہا ہے بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کا عرصہ حیات تک تنگ کردیا گیا ہے، انھیں مذہبی آزادی بھی حاصل نہیں جبکہ پاکستان میں اقلیتیں مکمل آزادی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی جے پر کاش نے کہا کہ پاکستان میں ہندو برادری کو ہر شعبہ زندگی میں نمائندگی حاصل ہے ،ملک کی حفاظت اور ترقی کے لئے ہندو برادری پُرعزم ہے۔