ٹرانسپورٹ برادری ایک بار پھر سڑکوں پر نکلنے کو تیار ہے۔ آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں کسٹمز حکام کے رویے کے خلاف پرامن مگر بھرپور احتجاج کریں گے۔
ایسوسی ایشن کے چیئرمین میر شمس شاہوانی کی قیادت میں ہونے والا یہ مظاہرہ کورنگی ویٹا چورنگی پر آج 21 اکتوبر بروز منگل سہ پہر 3 بجے ہوگا جس میں مختلف شہروں سے آئل ٹینکرز مالکان اور ٹرانسپورٹرز کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔
منتظمین کے مطابق احتجاج کا مقصد ان کسٹمز افسران کے خلاف آواز بلند کرنا ہے جو مبینہ طور پر رشوت طلب کرتے ہیں، غیر قانونی طور پر گاڑیاں روکتے ہیں اور ٹرانسپورٹرز کو ہراساں کرتے ہیں۔
ٹرانسپورٹر برادری کا کہنا ہے کہ اگر یہ رویہ بند نہ ہوا تو احتجاج کا دائرہ پورے ملک تک پھیل سکتا ہے۔ اس موقع پر کسٹمز کی جانب سے مبینہ بھتہ خوری اور طاقت کے ناجائز استعمال کے شواہد بھی سامنے لائے جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








