ایرانی حملوں کے ساتھ اب دوسری طرف سے طاقتور طوفان سعودی عرب، امارات اور خلیجی خطےکی جانب بڑھ رہا ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق ہفتے کے اختتام تک مختلف علاقے بارشوں سے شدید متاثر ہوسکتے ہیں، آج اور جمعرات کو تیز بارش اور ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔
سعودی محکمہ موسمیات نے حد نگاہ متاثر اور ساحلی علاقوں میں اونچی لہریں پیدا ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق ساحلی علاقوں میں لہروں کی اونچائی 2.5 میٹر سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔
یواے ای میں طوفانی بارش کے باعث پانی گھروں میں داخل ہونےکا خدشہ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رہائشیوں نے گھروں کو پانی سے بچانے کے لیےریت کی بوریاں خرید لی ہیں، متعدد افراد پلاسٹک شیٹس لگا کر گھروں کو سیلاب سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اماراتی محکمہ اوقاف نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شدید بارشوں کے دوران نماز گھروں میں ادا کریں۔ یہ اقدام خراب موسمی حالات اور عوام کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے بچایا جا سکے۔
اماراتی محکمہ اوقاف نے مساجد کے آئمہ کرام کو بھی ہدایت دی ہےکہ وہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں اذان کے فوراً بعد لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلان کریں کہ وہ اپنے گھروں میں نماز ادا کریں۔
محکمہ اوقاف نے یہ بھی ہدایت کی ہےکہ اگر مساجد میں نماز ادا کی جا رہی ہو تو ظہر اور عصر کی نمازیں جمع کرکے پڑھی جائیں، اسی طرح مغرب اور عشاء کی نمازیں بھی اکٹھی ادا کی جائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








