نیویارک کے مشہور بارکلیز سینٹر میں ہونے والے ایک پیشہ ور باکسنگ مقابلے میں پاکستانی نژاد امریکی باکسر جہانزیب رضوان نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے امریکی باکسر ٹریوون کو صرف دوسرے راؤنڈ کے دوسرے ہی منٹ میں ناک آؤٹ کر دیا۔
جہانزیب رضوان نے فائٹ کے لیے رنگ میں داخل ہوتے وقت پاکستانی پرچم کے رنگوں والا لباس زیب تن کیا جس پر ہال میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے جوش و خروش سے نعرے بازی کی اور اپنے ہیرو کا پرجوش استقبال کیا۔
مقابلے کی ابتدا سے ہی جہانزیب نے حریف باکسر پر بھرپور حملے شروع کر دیئے جس کے باعث امریکی باکسر کو دفاعی حکمتِ عملی اختیار کرنا پڑی۔ دوسرے راؤنڈ میں جہانزیب نے تابڑ توڑ مکے برساتے ہوئے ٹریوون کو چاروں شانے چت کر دیا۔
فتح کے بعد رنگ میں پاکستانی پرچم لہرایا گیا اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے ہال گونج اٹھا۔
یہ تاریخی لمحہ دیکھنے کے لیے پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی پاکستانی نژاد کمیونٹی کی اہم شخصیات جہانزیب کے والد راجہ رضوان، ان کے اہل خانہ اور دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ جہانزیب رضوان اس سے قبل گولڈن گلووز ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں اور فرانس اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانزیب نے اس کامیابی کو اللہ کی خاص عنایت قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کا نام روشن کرنا ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے۔ جیت کے بعد بارکلیز سینٹر دیر تک پاکستان اور جہانزیب کے حق میں نعروں سے گونجتا رہا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








