حالیہ لائیو عید اسپیشل شو میں معروف میزبان ندا یاسر نے اداکارہ انمول بلوچ کی ممکنہ شادی کا ذکر کرکے مداحوں میں تجسس کی لہر دوڑا دی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شو میں معروف جوڑی سارہ خان اور ان کے شوہر فلک شبیر بطور خصوصی مہمان شریک تھے۔
شو کے دوران جب حالیہ شادی شدہ جوڑوں کا تذکرہ کیا جا رہا تھا تو فلک شبیر نے کبریٰ خان، گوہر رشید، ماورہ حسین اور عامر گیلانی سمیت کئی شخصیات کو مبارکباد دی۔
ندا یاسر نے غیر متوقع طور پر انمول بلوچ کا نام بھی اس فہرست میں شامل کر دیا جس سے اشارہ ملا کہ اداکارہ نے حال ہی میں شادی کر لی ہے۔ اس پر فلک شبیر نے بھی انمول کو مبارکباد دی جس سے مداحوں میں چہ مگوئیاں مزید بڑھ گئیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ انمول بلوچ کی شادی سے متعلق افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ اس سے قبل بھی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ اداکارہ جلد شادی کے بندھن میں بندھ سکتی ہیں اور بعض ذرائع کا دعویٰ ہے کہ انمول کی شادی کی تقریبات عید الفطر کے بعد شروع ہو سکتی ہیں۔
اس معاملے کو مزید دلچسپ بنانے والا ایک اور پہلو یہ ہے کہ انمول بلوچ کا نام معروف بزنس مین عمیر بیگ کے ساتھ بھی جوڑا جا رہا ہے جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اداکارہ ایمن سلیم سے بھی تعلق رکھتے ہیں۔
کچھ اطلاعات کے مطابق عمیر بیگ پہلے ہی شادی شدہ ہیں جبکہ کچھ افراد اسلامی نقطۂ نظر سے ایک سے زیادہ شادیوں کے امکان پر بھی بات کر رہے ہیں۔
اب تک انمول بلوچ نے اپنی شادی سے متعلق ان خبروں کی نہ تو تصدیق کی ہے اور نہ ہی تردیدجس کی وجہ سے مداح بےچینی سے ان کے باضابطہ بیان کے منتظر ہیں۔
ندا یاسر کے اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں کا طوفان کھڑا ہو گیا ہے۔ آیا واقعی انمول بلوچ نے خفیہ شادی کر لی ہے یا یہ محض افواہیں ہیں، اس کا جواب صرف وقت ہی دے سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








