شاندار کارکردگی پر قومی ہاکی ٹیم کیلئے زبردست انعامات کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو ہندوستان ٹائمز

اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شاندار پرفارمنس پر قومی ہاکی ٹیم کیلئے انعامات کا اعلان کردیا گیا۔

حکومت پنجاب نے قومی ہاکی ٹیم کے لیے 20 لاکھ روپے جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پاکستان ہاکی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو ایک، ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی پر قومی ہاکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، قومی ہاکی ٹیم نے پوری قوم کے دل جیت لئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عرصہ دراز کے بعد پاکستان نے قومی کھیل کے اس اہم ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی جو انتہائی خوش آئند ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ اذلان شاہ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں پاکستان نے جاپان سے عمدہ مقابلہ کرکے قوم کے دل جیت لئے، ٹورنامنٹ میں سلور میڈل حاصل کرنے پر پاکستانی ہاکی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ نے قومی ہاکی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد کے دروازے ہمیشہ قومی ہاکی ٹیم کے لیے کھلے ہیں اور سندھ حکومت اپنے قومی کھیل کی بہتری کے لیے اچھے اقدامات کر رہی ہے۔

Related Posts