گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ڈمپر حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو پلاٹ دینے کا اعلان کردیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی میں ڈمپر حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو ایک ایک پلاٹ دوں گا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ روزانہ پلاٹ کی قرعہ اندازی ہوگی، بلڈر اسی دن اہل خانہ کو فائل حوالے کرے گا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں ماہ صیام کے پروگرام کو اتحاد رمضان کا نام دیا گیا ہے، اتحاد رمضان آپس میں یگانگت، یکجہتی کا پیغام ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ نئی نسل منشیات کی لت میں مبتلا ہے، والدین اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں، 32 سے زائد منشیات کی اشکال میں اشیا موجود ہیں، اسکولوں کے اساتذہ کا میڈیکل ٹیسٹ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں منشیات کے خلاف سیل بنانے جا رہا ہوں، اب کوئی کسی کو بلیک میل نہیں کرے گا، عوام کو آگاہی دے سکتا ہوں۔ مجھے جان سے مارنے کی ای میل موصول ہوئی، مجھے عمران فاروق طرز پر قتل کرنے کی دھکیاں ملیں، قتل کی دھمکیوں کے باوجود لندن کا دورہ مکمل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر داخلہ کو پرائیویٹ گارڈ سے متعلق خط لکھوں گا، پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ رکھنے کی پالیسی وضع ہونی چاہیے، اس شہر کے ساتھ مذاق بند کردیں، گھروں کے باہر پرائیویٹ سکیورٹی گارڈز کی فوج کھڑی رہتی ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ مصطفی عامر کیس کو ٹھیک ٹھیک حل کیا جائے، مصطفی عامر کیس میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہچنا چاہیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








