کراچی کے اہم منصوبے سی پیک میں شامل کرنے کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کراچی سرکولر ریلوے (کے سی آر) منصوبہ لاہور اورینج ٹرین کے ماڈل پر پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت ہوگا اور یہ منصوبہ ضرور بنے گا۔

کراچی میں اتحادی جماعت متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کراچی سرکولر ریلوے سی پیک منصوبے میں جا چکا ہے اور یہ پچھلی حکومت میں رجسٹرڈ ہوگیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کے سی آر ہماری اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں ہم سپریم کورٹ کے احکامات کا بھی جائزہ لیں گے لیکن یہ منصوبہ ضرور بنے گا اور وزیر اعظم کے دورہ چین میں بھی یہ ایجنڈے میں سرفہرست ہوگا لیکن یہ منصوبہ سی پیک کے تحت ہی بنے گا اور اس کا ماڈل لاہور میں بنائی گئی اورینج ٹرین کی طرح ہوگا۔

 وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وفاق میں ایم کیو ایم کو یقین دلایا ہے کہ تحریک عدم اعتماد سے قبل ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف سے فوری طور پر ایک کوآرڈینیشن کمیٹی بنانے کی درخواست کروں گا۔ 

کراچی میں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کی قیادت کرتے ہوئے ایم کیو ایم کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی و اراکین رابطہ کمیٹی سے ملاقات کی۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  13 ماہ میں ساری خرابیاں دور نہیں ہو سکتیں لیکن جتنا ممکن ہو بہتر کرنا ہے۔

علاوہ ازیں ایم کیو ایم (پاکستان) کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے وفاق میں ن لیگ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کی رو سے مشاورت کے دور چلتے رہتے ہیں اور آئندہ بھی اسی طرح ن لیگ اور ایم کیو ایم کے مذاکرات جاری رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ ہمارے معاہدے پر اسلام آباد میں ایک دوطرفہ کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق ہوا ہے تاکہ شہر کراچی اور ملکی مفاد میں ضروری فیصلے مل کر کئے جا سکیں۔

عامر خان نے مزید کہا کہ ریلوے کے ادارے میں کراچی سرکلر ریلوے پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے اور ساتھ ہی حیدرآباد شہر کے ایئرپورٹ کوبھی فعال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کم از کم ڈومیسٹک پروازیں حیدرآباد سے بحال ہو سکیں۔

Related Posts