کراچی سمیت ملک بھر کے عوام کے لیے ایک اور مہنگائی کا جھٹکا، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 8 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی ہے۔
یہ اضافہ اگست 2025 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا گیا ہے، اور حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق اس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔ نیپرا کے مطابق، اضافی رقم صارفین سے اکتوبر کے بجلی بلوں میں وصول کی جائے گی۔
دستاویزات کے مطابق، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اگست کی ایڈجسٹمنٹ میں 19 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا تھا۔ تاہم نیپرا نے عوامی سماعت کے بعد 8 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی۔
یاد رہے کہ 29 ستمبر کو نیپرا نے ملک بھر میں بجلی مہنگی کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عوامی سماعت میں سی پی پی اے، وزارتِ توانائی، بزنس کمیونٹی، صحافیوں اور عام شہریوں نے بھی شرکت کی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اضافہ عارضی نوعیت کا ہے اور اس کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لیے ہوگا، تاہم صارفین کے لیے یہ اضافہ ایک اور مالی دباؤ ثابت ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








