کراچی کے علاقے لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں واقع فیکٹری میں لگنے والی آگ پر کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود قابو نہیں پایا جا سکا۔ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں اور 2 اسنارکل آگ بجھانے میں مصروف ہیں، جبکہ صورتحال کی شدت کے پیش نظر شہر بھر سے مزید فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور نفری طلب کر لی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں پلاسٹک کی اشیاء تیار کی جاتی ہیں، جس کے باعث آگ کی شدت زیادہ ہے۔ چیف فائر آفیسر کے مطابق ٹریفک جام کی وجہ سے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم آگ پر قابو پانے کی کوششیں تاحال جاری ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








