پاک بحریہ کے بیڑے میں ایک اور جدید ہتھیاروں سے لیس کثیر المقاصد 054 ایلفا فریگیٹ شامل ہوگئی، پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں فریگیٹ کی شمولیت کی تقریب میں امیر البحر محمد امجد خان نیازی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
پاک بحریہ کے لیے چار 054 ایلفا فریگیٹس کی تعمیر کا معاہدہ پاکستان اور چین کے مابین جون 2018 میں طے پایا۔ اس طرز کا پہلا جہاز پی این ایس طغرل رواں سال جنوری میں بحری بیڑے کا حصہ بنا جبکہ دوسرا جہاز پی این ایس تیمور 23 جون 2022 کو چین کے شہر شنگھائی میں کمیشن کیا گیا۔
پاک بحریہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان واپسی کے دوران پی این ایس تیمور نے ہانگ کانگ، کمبوڈیا، ملائشیا، سری لنکا کی بندر گاہوں کا دورہ کیا اور مختلف دوست ممالک کے ساتھ دو طرفہ بحری مشقوں میں حصہ لیا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف نے تقریب سے خطاب کے دوران کہاکہ ٹائپ 054 ایلفا جہاز کثیر المقا صد اور جدید ہتھیاروں سے لیس بحری جہاز ہیں اور آئندہ کئی برسوں تک پاک بحریہ کا حصہ رہیں گے۔ مہمان خصوصی نے کہا کہ اس طرح کے منصوبے دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات اور گہرے اعتماد کا مظہر ہیں۔
امیرالبحر نے خطہ بحرہند کے بدلتے ہوئے جغرافیائی حالات اور بڑھتے ہوئے سمندری خطرات کے تناظر میں ایک فعال بحری قوت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے تحفظ میں مضبوط سمندری دفاع کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا جدید بحری جہازوں کی شمولیت سے پاکستان بحریہ کی ملکی سمندری مفادات کے تحفظ کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔
بعد ازاں مہمان خصوصی نے جہاز کی کمانڈ سکرول کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی کے حوالے کی جس کے بعد دعاکی گئی۔ تقریب میں چین کے سفارت خانے کے اہلکاروں سمیت تینوں افواج کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران نے شرکت کی۔