حکومت نے معاشی بدحالی کا شکار عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کا ایک اور بم گراتے ہوئے ایل این جی کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج سےدو روز قبل ہی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سوئی ناردرن کے سسٹم پر ایل این جی 0.17ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کردی۔
اوگرا کی جانب سے قیمت میں اضافے کے بعد درآمدی ایل این جی کی نئی قیمت 12.40ڈالرز فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی۔ اسی طرح اوگرا نے سوئی سدرن کے سسٹم پر بھی ایل این جی کی قیمت میں 0.22ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا۔
قیمت میں ہونے والے اس اضافے کے بعد درآمدی ایل این جی کی نئی قیمت 11.45ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی۔ اوگرا کی جانب سے رواں ماہ (نومبر) کیلئے درآمدی ایل این جی کی قیمتوں سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ملک بھر میں ڈیزل کی مبینہ قلت کی اطلاعات سامنے آئیں جبکہ 16 نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے صورتحال مزید تشویش ناک ہو گئی۔
گزشتہ ماہ مختلف شہروں میں ڈیزل کی سپلائی روک دی گئی ہے جس کے باعث متعدد علاقوں میں قلت پیدا ہوگئی ہے۔باخبر ذرائع کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں آئل کمپنیاں ڈیزل کی سپلائی معطل کرچکی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں ڈیزل کی فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








