ایک اور پاکستانی صحافی دہشتگردوں کی گولیوں کا نشانہ بن گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ ڈان)

بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے مشک میں نامعلوم مسلح افراد نے سینئر صحافی عبداللطیف بلوچ کو ان کے گھر میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

پولیس حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حملہ آور صحافی کو اغوا کرنا چاہتے تھے، لیکن مزاحمت پر انہیں گولیاں مار دی گئیں۔

ڈی ایس پی دانیال کاکڑ کے مطابق، لطیف بلوچ اپنے گھر میں موجود تھے جب مسلح افراد نے داخل ہو کر انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی، مزاحمت کرنے پر انہیں گولی مار دی گئی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، تاہم اب تک کسی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

مرحوم صحافی عبداللطیف بلوچ کا تعلق کوئٹہ کے معروف روزنامہ ’انتخاب‘ سے تھا اور وہ مقامی صحافت میں خاصے متحرک سمجھے جاتے تھے۔ اطلاعات کے مطابق کچھ ماہ قبل ان کے بڑے بیٹے کو بھی اغوا کر کے قتل کر دیا گیا تھا، جس سے ان کے خاندان کو پہلے ہی شدید صدمہ پہنچا تھا۔

صحافتی تنظیموں خصوصاً پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) نے لطیف بلوچ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے فوری کارروائی اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

Related Posts